اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور وادی نیلم میں 25 سے 26 مارچ اور پھر 28 سے 30 مارچ کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔ ان علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 سے 31 مارچ تک بلوچستان کے جنوب مغربی حصوں سے ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا جو پورے ملک پر اثر انداز ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 25 اور 26 مارچ کو بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، حافظ آباد، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، نارووال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بادل برسیں گے۔ پنجاب میں 28 سے 30 مارچ کے دوران ان بارشوں میں شدت آئے گی اور کچھ جگہوں پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں برفباری ،بارشوں کا نیا سپیل ، محکمہ موسمیات کاالرٹ جاری
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں 25 سے 26 مارچ تک بارش اور آندھی متوقع ہے۔ صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی بارش ہوگی۔ 28 سے 30 مارچ تک یہاں بھی بارشوں کی شدت بڑھے گی جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، استور، دیامر، غذر، اسکردو، ہنزہ اور شگر میں بھی 25 سے 30 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلات اور دیگر اضلاع میں 24 سے 29 مارچ کے درمیان بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ سندھ کے شہروں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی 25 سے 29 مارچ کے دوران آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آزادکشمیر سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کچے مکانات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن ہوگی جس سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال لازمی چیک کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری طوفان کے دوران درختوں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔




