راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)راولاکوٹ کے علاقے پوٹھی بالا میں ایک افسوسناک اورپُراسرارواقعہ پیش آیا ہے جہاں تقریباً 20 سالہ نوجوان احمد خاور گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے ،پولیس تحقیقات جاری ہیں ۔
یہ واقعہ ان کے گھر کے قریب پیش آیا ، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق احمد خاور کو سر میں گولی لگی جو ان کی موت کا سبب بنی ۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ۔
بعد ازاں ان کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ مرحوم احمد خاور کے والد، خاور سپلائی بازار میں میڈیکل سٹور چلاتے ہیں ۔
احمد خاور پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے، جس کے باعث ان کی اچانک موت نے اہلِ خانہ کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سدھنوتی ہمروتہ: سفاک شوہر نے اپنی ہی اہلیہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا
ایس ایچ او راولاکوٹ اور ڈی ایس پی اکمل شریف بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت کے حوالے سے فی الحال کچھ حتمی کہنا قبل از وقت ہے ۔ تحقیقات کے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے یا قتل ۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی ڈاکٹر فریحہ افراہیم کی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خودکشی، حادثاتی موت یا قتل؟
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید معلومات پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی ۔




