امجد عباسی

افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ، امجد عباسی

سلاو، برطانیہ (کشمیر ڈیجیٹل ) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سلاو برطانیہ کے ترجمان ، سابق میئر آف سلاو، کونسلر امجد عباسی نے کہا ہے کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کا وہ تاریخی سنگِ میل ہے جب ایک الگ وطن کے خواب کو باقاعدہ قومی مطالبے کی صورت دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو لاہور کے تاریخی مقام پر پیش کی جانے والی قرارداد نے نہ صرف مسلمانوں کی اجتماعی اُمنگوں کو نئی سمت دی بلکہ یہی قرارداد بعد ازاں قیامِ پاکستان کی مضبوط بنیاد ثابت ہوئی ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کے نازک عالمی حالات ، خطے کو درپیش چیلنجز اور اُمتِ مسلمہ کو لاحق خطرات اس امر کے متقاضی ہیں کہ پوری قوم اتحاد ، یکجہتی اور قومی شعور کے ساتھ اپنی مسلح افواج کے ساتھ اور شانہ بشانہ کھڑی ہو ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیری عوام پاکستان کے دفاع میں ہر قربانی کے لیے تیار ہیں : سردار عتیق

ان کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز پاکستان کے دفاع ، سلامتی اور خودمختاری کے لیے قربانیاں دینے والے محافظوں کے حوصلے بلند رکھنا ہر پاکستانی کی قومی ذمہ داری ہے ، کیونکہ مضبوط قومیں ہی اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتی ہیں ۔

کونسلر امجد عباسی نےمزید کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس عہد کی تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم قومی وحدت، نظریۂ پاکستان اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم ممالک بھارت اور اسرائیلی مظالم کیخلاف اُٹھ کھڑے ہوں، سردار عتیق خان

تقریب کے اختتام پر شہداءِ پاکستان کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ فلسطین اور ایران سمیت عالمِ اسلام کے مظلوم مسلمانوں کیلئے بھی امن، تحفظ اور سربلندی کی دعا مانگی گئی ۔

Scroll to Top