بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کی کوشش ناکام: گرفتار خاتون خودکش بمبار کی وزیراعلیٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک انتہائی اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم بی ایل اے (BLA) کی جانب سے خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی ایک لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کارروائی کے ذریعے ریاست کے خلاف ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس بروقت گرفتاری سے ایک ہولناک تباہی کو ٹال کر بے شمار معصوم جانوں کو بچا لیا گیا ہے۔

گرفتار خودکش بمبار ‘لائبہ’ کے سنسنی خیز انکشافات:

پریس کانفرنس کے دوران خضدار سے تعلق رکھنے والی گرفتار لڑکی ‘لائبہ’ کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ لائبہ نے اعتراف کیا کہ بی ایل اے کے مقامی کمانڈر ابراہیم نے اس کی ذہنی سازی کی اور اسے خودکش بمبار بننے کے لیے تیار کیا۔ لائبہ کے مطابق، کمانڈر ابراہیم کی باتوں سے متاثر ہو کر وہ اس خطرناک راستے پر چلنے کے لیے راضی ہوئی تھی۔ اسے یہ ٹارگٹ بھی دیا گیا تھا کہ وہ مزید لڑکیوں کو اس نیٹ ورک کا حصہ بنائے۔

لائبہ نے ایک اور بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اسے ‘بلوچ یکجہتی کمیٹی’ (BYC) کی ڈاکٹر صبیحہ کے پاس تربیت کے لیے لے جایا جانا تھا، جہاں اسے خودکش حملے کے لیے حتمی طور پر تیار کیا جاتا، تاہم حملے پر روانہ ہونے سے قبل ہی اسے خضدار سے گرفتار کر لیا گیا۔ لائبہ نے دیگر خواتین کو پیغام دیا کہ وہ ایسے عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں اور کسی غلط سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: خاران میں سیکیورٹی فورسز کاانٹیلیجنس بیسڈآپریشن؛ فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد جہنم واصل

دہشت گردوں کے تانے بانے اور افغانستان کا لنک:

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور انکشاف کیا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد عناصر افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں اور وہیں سے اپنی تمام تر کارروائیاں آپریٹ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں اب بلوچ خواتین کو گمراہ کر کے ان کا استحصال کر رہی ہیں اور انہیں خطرناک راستوں پر دھکیل رہی ہیں۔

حکومت کا عزم اور نوجوانوں کو پیغام:

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام اب دہشت گردی کے بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں اور اپنی ریاست و سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوچیں کہ دشمن انہیں کس سمت لے جا رہا ہے، وہ ریاست کا ساتھ دیں اور دشمن کے آلہ کار نہ بنیں۔

مزید پڑھیں: کرم سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغان طالبان گاڑی چھوڑ کر بھاگ نکلے

Scroll to Top