میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے رمضان المبارک کے آخری ایام میں شہریوں کو بہتر خریداری کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم انتظامات کر دئیے ہیں ۔
انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ قائد اعظم کرکٹ اسٹیڈیم چوک سے چوک شہیداں تک میاں محمد روڈ کو روزانہ سہ پہر 4 بجے سے رات 12 بجے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند رکھا جائے گا ۔ یہ انتظام عیدالفطر تک برقرار رہے گا ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد رمضان کے آخری دنوں میں بڑھتی ہوئی خریداری کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک کے مسائل کو کم کرنا اور شہریوں کو پرسکون ماحول میں خریداری کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور میں پولیس کا گرینڈ آپریشن: 100 سے زائد غیر رجسٹرڈ افغان شہری گرفتار
عام طور پر شام اور رات کے اوقات میں اس مصروف ترین شاپنگ ایریا میں خریداروں کا بے حد رش ہوتا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور پارکنگ کے مسائل بھی پیدا ہو جاتے ہیں ۔
انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے پارکنگ کے خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں ۔ خریداری کیلئے آنے والے افراد اپنی گاڑیاں قائد اعظم کرکٹ اسٹیڈیم اور آفیسر کلب کی پارکنگ میں کھڑی کر سکیں گے ۔ وہاں سے شہری بآسانی پیدل میاں محمد روڈ پر جا کر خریداری کر سکیں گے ۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ فیملیز کو بھی محفوظ اور آرام دہ ماحول میں خریداری کا موقع ملے گا۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے تاجروں اور خریداروں دونوں کو فائدہ ہوگا اور بازار میں نظم و ضبط برقرار رکھنے میں مدد ملے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن: حساس مقامات کی سیکیورٹی میں اضافہ، بغیر رجسٹریشن کرایہ دار رکھنے پر مالکان کے خلاف کارروائی ہوگی
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام الناس اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس انتظام میں مکمل تعاون کریں اور اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے اور رمضان المبارک کے آخری ایام میں بازار کا ماحول خوشگوار اورپُرامن رہے ۔




