کشمیر کےبالائی مقامات پر شدید برفباری جاری، راستے متاثر، مسافروں کو احتیاط کی ہدایت

مظفرآباد، 27 فروری 2025: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات  کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مزید برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ شدید سردی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ راستے بند ہونے اور سفری مشکلات بڑھنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موجودہ درجہ حرارت اور موسمی صورتحال کی تفصیلات یوں ہے،مظفرآباد میں آج مطلع ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے۔ یہاں درجہ حرارت 7°C جبکہ رات میں 3°C تک گرنے کا امکان ہے۔وادی لیپہ میں شدید برفباری جاری ہے، جس سے سڑکیں مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں ۔ یہاں درجہ حرارت 0°C جبکہ رات میں -5°C تک گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب پیر چناسی میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہےجہاں درجہ حرارت -3°C جبکہ رات کے وقت -7°C تک گر سکتا ہےجس کے باعث راستے جمنے اور سفری مشکلات کا سامناہے اس کے علاوہ نیلم ویلی میں بھی مسلسل برفباری ہو رہی ہے جہاں درجہ حرارت 2°C اور رات میں -4°C رہنے کا امکان ہے ساتھ ہی بالائی علاقوں میں شدید برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

باغ، راولا کوٹ اور کوٹلی میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور باغ میں درجہ حرارت 5°C، راولا کوٹ میں 6°C جبکہ کوٹلی میں 9°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کےمطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ خاص طور پر نیلم ویلی، پیر چناسی، لیپہ ویلی اور باغ کے بلند مقامات پر مزید برفباری کی توقع ہے جبکہ مظفرآباد، راولا کوٹ اور کوٹلی میں بارشوں کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

شدید برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں راستے بند ہونے کا خدشہ ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق برفباری والے علاقوں میں سفر کرنے والے شہری اپنی گاڑیوں میں چین (snow chains) اور ضروری سامان ساتھ رکھیں ساتھ ہی سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ برفانی علاقوں میں جانے سے پہلے موسم کی صورتحال جانچ لیں۔ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس لیے محتاط ڈرائیونگ کریں۔ گھروں میں ہیٹر اور گیس کے آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ میں یوتھ اینڈ میڈیا ورکشاپ: نوجوانوں کی تربیت اور ففتھ جنریشن وارفیئر سے آگاہی

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی موسم سرد اور بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشر قی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے جب کہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

اسلام آباد: 11°C / 5°C – بادل اور وقفے وقفے سےبارش متوقع
لاہور: 15°C / 8°C – جزوی طور پر ابر آلود، رات میں بارش کا امکان
کراچی: 22°C / 15°C – خشک اور خوشگوار موسم
پشاور: 12°C / 6°C – ٹھنڈی ہوائیں اور ہلکی بارش متوقع
کوئٹہ: 4°C / -3°C – سخت سردی، بارش اور برفباری کا امکان
گلگت: 2°C / -5°C – برفباری متوقع

شہریوں کو ہدایت ہے کہ اپنے علاقے کی صورتحال سے آگاہ رہیں اور اس کت مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top