چیمپئنز ٹرافی،پاکستان اور بنگلہ دیش ایونٹ کے سب سے بے معنی میچ میں آج مدمقابل 

راولپنڈی( ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بے معنی میچ آج (جمعرات کو) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان  راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔

دونوں ہی ٹیمیں اپنے ابتدائی 2 میچز ہار کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں، اس لئے یہ مقابلہ رواں ٹورنامنٹ کا سب سے بے معنی مقابلہ ثابت ہوگا مگر چند خودغرض کرکٹرز کیلئے یہ بقا کی جنگ ثابت ہونے والا ہے، وہ ایک کمزور حریف کیخلاف ہوم کنڈیشنز میں صلاحیتوں کا اظہارکرنے کیلئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔

راولپنڈی میں چند روز سے جاری رم جھم ارادوں کے آڑے آ سکتی ہے، پاکستان ٹیم کی نیوزی لینڈ اور پھربھارت کے خلاف کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، ٹاپ آرڈر بیٹرز دونوں میچز میں اچھا پرفارم نہیں کر سکے۔

آخری گروپ میچ میں پاکستان کی جانب سے کامران غلام کو موقع دیا جا سکتا ہے، اسکواڈ میں عثمان خان بھی شامل ہیں مگر ان کے لئے ڈراپ کسے کیا جائے سوال یہ سامنے آئے گا، ٹاپ 4 کے بعد کوئی اسپیشلسٹ بیٹر نہیں ہے۔

اسی وینیو پر جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کا میچ بارش کی ہی نذر ہوچکا، پچ گزشتہ 3 روز کے دوران بیشتر وقت کور کے نیچے رہی جس کی وجہ سے بیٹرز کو مشکلات ہوسکتی ہے ، اسکوائر میں بھی نمی کا امکان موجود ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی کہانی بھی مختلف نہیں ہے، ٹائیگرز بھی آخری میچ میں جدوجہد کے شکار گرین شرٹس کو مات دے کر گھر واپس جانا چاہتے ہیں، دونوں ٹیمیں پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں مدمقابل آئینگی۔

اس سے قبل راولپنڈی میں واحد ون ڈے میچ 2003 میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی، ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان اب تک اپنے ملک میں بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست رہا، جہاں پر اس کا ریکارڈ 0-12 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان نے انگلینڈکو شکست دیکر چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا

Scroll to Top