مسئلہ کشمیر نازک دور میں داخل، اوورسیز کشمیری بھارتی مظالم بے نقاب کریں، بیرسٹر سلطان

نیو یارک(کشمیر ڈیجیٹل)صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اوورسیز کشمیریوں سے بھارتی مظالم اجاگرکرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرنازک دور میں داخل ہوچکا،انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد بھارت کے غاصبانہ وجابرانہ قبضے سے آزاد ہو کر رہیگا۔

دورہ امریکہ مکمل کرکے واپس لندن روانہ ہو نے سے قبل ڈاکٹر شہزادکی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان نے کہا کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے ، اوورسیز کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی 9لاکھ فوج نے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری طویل عرصے سے بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ،اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی حق خوداردیت دلانے کیلئے موجود ہیں لیکن اقوام عالم کی بے حسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اب تک حل طلب ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں عوام ایک مشکل صورتحال سے نبرد آزما ہیں، امریکہ میں مقیم کشمیری امریکہ پر زور دیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ لہذا عالمی برادری جہاں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے وہاں پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے کے لیے بھی اپنا کردارادا

کرے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت میں شمولیت کا فیصلہ پارٹی کی بڑی غلطی تھی، بیرسٹر افتخار گیلانی کا اعتراف

Scroll to Top