مظفرآباد(شجاعت میر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن (جے کے این ایس ایف) کے مرکزی صدر،نوجوان ایکٹوسٹ خواجہ مجتبیٰ بانڈے کی رہائی کیلئے احتجاج کا سلسلہ تیز ہو گیا، مظاہرین تھانہ پولیس سٹی کے سامنے پہنچ گئے، شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی۔
جے کے این ایس ایف کے کارکنوں نے رات کے وقت تھانے کے گیٹ پر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ خواجہ مجتبی بانڈے کی رہائی تک احتجاج جا ری رہیگا۔
مقررین نے حکومت اور انتظامیہ کو انتباہ کیا کہ اگر مجتبیٰ بانڈے کو غیر مشروط رہا نہ کیا گیا تو این ایس ایف ریاست بھر میں احتجاج کی کال دے گی۔
قبل ازیں مظفرآباد میں خواجہ مجتبیٰ بانڈے کی گرفتاری کے خلاف آزادی چوک میں احتجاج مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے مجتبی بانڈے کی فوری رہائی اور آزادی اظہار رائے پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر خواجہ مجتبیٰ بانڈے کی رہائی اور کالے قوانین کے خاتمے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آزادی بیس کیمپ میں نافذ کالے قوانین پر قدغن لگائے اور آزادی اظہار رائے سے متصادم تمام قوانین کو ختم کرے۔
یہ بھی پڑھیں: معافی مانگنے کے بعد مجتبی بانڈے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار