مظفرآباد: محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر اور یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے شعبہ صحافت کے باہمی تعاون سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں طلباء کو سوشل میڈیا پروڈکشن، جعلی خبروں، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن جیسے اہم موضوعات پر آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
جامعہ آزاد جموں و کشمیر میں منعقدہ اس دو روزہ ورکشاپ کا مقصد طلباء کو جدید صحافتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں فیک نیوز، غلط معلومات اور گمراہ کن خبروں کے نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔ ماہرین نے شرکاء کو ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال، درست معلومات کی تصدیق کے اصول اور خبر سازی کے جدید طریقے سکھائے۔
ورکشاپ میں سوشل میڈیا پروڈکشن کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی اور ماہرین نے بتایا کہ کیسے غلط معلومات نہ صرف صحافت بلکہ سو سائٹی پر بھی منفی اثر ڈالتی ہیں۔ طلباء کو فیک نیوز کی پہچان اور اس سے بچاؤ کے لیے ضروری تکنیکی مہارتیں بھی سکھائی گئیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیر تعلیم نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جدید صحافت میں سچائی اور دیانتداری سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوان صحافیوں کو پیشہ ورانہ میدان میں آگے بڑھنے کے لیے مدد فراہم کرتی ہیں۔
شرکاء نے اس ورکشاپ کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہےکہ مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان صحافی جدید میڈیا کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں سامنا کر سکیں۔