خواجہ مجتبیٰ بانڈے کی گرفتاری کے خلاف آزادی چوک میں احتجاج جاری

مظفرآباد میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن (این ایس ایف) کے مرکزی صدر خواجہ مجتبیٰ بانڈے کی گرفتاری کے خلاف آزادی چوک میں احتجاجی مظاہرہ مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے ان کی فوری رہائی اور آزادی اظہار رائے پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر خواجہ مجتبیٰ بانڈے کی رہائی اور کالے قوانین کے خاتمے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ آزادی بیس کیمپ میں نافذ کالے قوانین پر قدغن لگائے اور آزادی اظہار رائے سے متصادم تمام قوانین کو ختم کرے۔

این ایس ایف کے رہنماؤں نے کہا کہ خواجہ مجتبیٰ بانڈے کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جو کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر بانڈے کو رہا کرے اور طلباء کے حقوق کا احترام کرے۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہ ہوا تو احتجاج جاری رکھتے ہوئے  مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں تاکہ آزادی اظہار رائے اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top