لاہور: قومی کرکٹر عثمان قادر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے ۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان قادر نے بتایا کہ آسٹریلیا میں کھیل کر انہیں یہ احساس ہوا کہ ان کی کرکٹ ابھی بھی برقرار ہے اور وہ مزید بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں ۔
عثمان قادر نے کہا کہ اہل خانہ اور قریبی مشاورت کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد پاکستان کی ٹیم کیلئے مثبت کردار ادا کرنا اور اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانا ہے ۔
عثمان قادر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر مرحوم کے بیٹے ہیں، جنہوں نے ایک ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نام نہاد آل راؤنڈرز کا فلاپ شو: نہ بلے سے رنز بنے نہ وکٹیں لی گئیں، پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر
والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عثمان نے لیگ کرکٹ اور بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی مہارت کے جوہر دکھائے ہیں ۔
عثمان قادر نے اکتوبر 2024 میں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے رویے سے نالاں ہو کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا ۔ اس وقت ان کے فیصلے نے کرکٹ حلقوں میں کافی ہلچل مچا دی تھی ۔
شائقین نے ان کی واپسی کے لیے بے صبری سے انتظار کیا۔ اب اس اعلان کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ وہ قومی ٹیم میں شامل ہو کر اہم میچز میں ٹیم کی مدد کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق عثمان قادر کی واپسی سے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو اسپن بولنگ میں طاقت ملے گی، خاص طور پر محدود اوورز کے میچز میں ان کی موجودگی ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:صاحبزادہ فرحان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
شائقین کرکٹ اب عثمان قادر کی دوبارہ پاکستان کے لیے کھیلنے کی واپسی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں اور یہ اقدام کرکٹ کے میدان میں نئی امیدوں کا پیغام بھی ہے ۔




