مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل ) ہماری پارٹی کا موجودہ حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ ایک بڑی غلطی تھی یہ نہ صرف ریاست بلکہ ہمارے عوام کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہوا۔ہم پر تنقید ہوتی رہی کہ ہم حکومت کا حصہ بھی ہیں اور حکومت پر تنقید بھی کرتے ہیں مگر یہ حقیقت ہے کہ ہماری پارلیمانی پارٹی نے حکومتی پالیسیوں پر نظر رکھتے ہو ئے تنقید کی،سینئر رہنما ن لیگ آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کشمیر ڈیجیٹل کے پروگرام میں سید اشفاق ایڈووکیٹ کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔
سینئر رہنما ن لیگ آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ ہی فیصلہ کرے گا کہ حکومت کا حصہ بننے والے ممبران کو پارٹی میں دوبارہ لینا ہے کہ نہیں ۔ پارٹی ممبران نے اگر انوارالحق کو ووٹ دیئے تھے تو یہ پارٹی پالیسی کے تحت ووٹ کاسٹ کئے تھے ۔ اس پر پارٹی کے اندر اختلاف رائے پایا جاتا ہے کہ انہیں نکلنا چاہیے کہ نہیں ؟ ہماری آواز سسٹم کے اندر رہتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں ۔
سینئر رہنما ن لیگ آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کو عوامی مینڈیٹ ہے تو وہ الیکشن میں آئیں اور الیکشن لڑیں۔ بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار اور فنڈز جاری کئے جانے چاہیں، چار ہزار بندوں کو الیکٹ کر کے بیٹھا دیا گیا ہے انہیں بااختیار بھی تو بنایا جائے ۔
بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آئندہ چند ماہ میں نئے منشور کیساتھ عوام کے پاس جائے گی ۔ گزشتہ الیکشن میں جو عوام کے سامنے منشور رکھا تھا مسلم لیگ ن کی حکومت نے من عن اس پر عملدرآمد کیا۔ اور تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے۔ بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ بائیومیٹرک سسٹم کرنے کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ آزادکشمیر بھر میں کچھ ایسے اساتذہ تھے جو بیس بیس سال سے سکول نہیں جاتے رہے اور وہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرتے رہے اور آگے انہوںنے بندے رکھے ہوئے تھے جو چند ہزار کے عوض سکول حاضری دیتے تھے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے انفراسٹریکچر دیا ، صحت اور تعلیم پر توجہ دی ، دس اضلاع میں مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف مہیا کیا ۔ تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے این ٹی ایس کا نظام متعارف کروایا ۔ لیکن آج موجودہ حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کو پس پشت ڈال کر وقت گزاری کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ۔ عوامی مسائل جوں کے توں حل طلب ہیں ۔
بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر ہماری شناخت اور غیرت کامسئلہ ہے، دنیا کی تمام بڑی جنگیں جنون اور غیرت کی بنیاد پر لڑی گئیں اور جو مسئلہ جنون کی بنیاد پر ہو، وہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔