آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری، پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان

 آزاد کشمیر میں آج 25 فروری 2025 کو موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ رات دیر تک جاری رہنے کا امکان ہےجبکہ سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت گرنے کی توقع ہے۔

مظفرآباد، وادی لیپہ، راولاکوٹ، باغ، نیلم ویلی اور کوٹلی سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور برفباریکی توقع ہے۔ مظفرآباد میں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہےجہاں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور شام کے وقت موسلادھاربارش کی توقع ہے۔ وادی لیپہ میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور شدید برفباری متوقع ہےجس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔  محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج سے 2 مارچ تک علاقے میں شدید بارش اور پہاڑوں پر بھاری برفباری کا امکان ہے۔

ادھرراولاکوٹ میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے ساتھ مسلسل بارش متوقع ہےجبکہ بعض بلند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔ باغ میں بھی بارش کے ساتھ درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نیلم ویلی میں شدید برفباری متوقع ہے اور درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتاہے۔

کوٹلی میں بارشوں کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے اور درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ ہٹیاں بالا میں بھی بارش متوقع، جہاں متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وہاں درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی موسم میں تبدیلی متوقع ہے جہاں مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا ہےجس کے مطابق لاہور سمیت کئی شہروں میں بوندا باندی متوقع ہے اسلام آباد اور راولپنڈی میں درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہےجہاں دن بھر بادل چھائے رہنے کے بعد شام اور رات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہےجہاں شام کے وقت ہلکی بارش کی پیشگوئی ہے۔

پشاور میں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ رات میں ہلکی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جہاں سرد ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔ کراچی میں موسم خوشگوار ہے اور درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ رات میں سمندری ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

Scroll to Top