آزاد کشمیر میں نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط و بااختیار بنانے کیلئے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزر (ایس سی او) نے ضلعی ہیڈکوارٹرز کوٹلی کے بعد کھوئی رٹہ اور فتح پور تھکیالہ میں فری لانسنگ ہب قائم کرئیے جن کا باضابطہ افتتاح ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے کیا۔ گزشتہ روز ڈی جی ایس سی او فری لانسنگ ہب کے افتتاح کے بعد کھوئی رٹہ اور فتح پور تھکیالہ میں فری لانسنگ ٹریننگ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفیکیٹس اور انعامات بھی تقسیم کئے۔
ڈی جی نے‘‘فری لانسنگ ہبز’’میں مہیا کی گئی سہولیات کا معائنہ کیا،شرکا ٹریننگ سے سہولیات،ان کے تجربہ اور فری لانسنگ کے شعبہ میں کیرئیر بلڈنگ کے متعلق سوالات بھی پوچھے۔انہوں نے اس موقع پر شرکا ٹریننگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے خاندان اور ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں۔نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت سوچ کیساتھ ملکی ترقی کے لئے بروئے کار لائیں اور اس سلسلہ میں ایس سی او اپنی بھرپور مدد جاری رکھے گا۔
افتتاحی تقریب کے دوران ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے کہا’’کھوئی رَٹہ اور نکیال میں فری لانسنگ ہبز کا قیام ایس سی او کی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ یہ جدید ترین آئی ٹی سہولیات ایک سازگار ماحول میں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
اس کا مقصد ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ مراکز نوجوانوں میں آئی ٹی مہارتوں کے فروغ اور مقامی معیشت کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید جمشید بخاری نے نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی میں محکمہ تعلیم کی طرف سے لاجسٹک اور نوجوانوں کو فری لانسنگ کی طرف راغب کرنے میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اسپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (SCO) نے ضلع کوٹلی کے کھوئی رَٹہ اور نکیال میں دو نئے فری لانسنگ ہبز قائم کیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مقامی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجیز سے روشناس کرانا، مخصوص مہارتوں کی ترقی اور آئی ٹی کے شعبے میں کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔