انتظامیہ کی کمزور گرفت،مظفر آباد میں مہنگائی کا طوفان،عوام کو لوٹا جانے لگا

مظفر آباد(مد یحہ عباسی ، کشمیر ڈیجیٹل ) رمضان المبارک قریب آتے ہی مظفرآباد میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت ہونے لگیں ،دکانداروں نے من مانے ریٹ مقرر کردئیے ،انتظامیہ کی گرفت کمزور ہونے کے باعث عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا ۔

کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر ریٹ لسٹ تو جاری کردی جاتی ہے تاہم اس پر عملدردرآمد نہیں کرایا جاتا ،چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث اشیاء ضروریہ مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں،گرانفروشوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

ریاستی دارالحکومت میں روزمرہ کی اشیاء گھی ، چاول ، دالیں ، سبزیاں، پھل فروٹ من مانے داموں فروخت کیے جارہے ہیں ۔ شہریوں نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے باعث گزر بسر پہلے ہی مشکل ہے اوپر سےرمضان المبارک قریب آتے ہی دکانداروں نے روزمر ہ استعمال کی اشیاء کے ریٹ بھی دو گنا بڑھا دئیے ہیں جس کے سبب جینا دشوار ہوگیا ،شہریوں کا کہنا تھا کہ بیروزگاری بھی بڑھتی جارہی ہے،چھ دن بعد ایک دیہاڑی لگتی ہےاس کے بھی کم پیسے دئیے جاتے ہیں، دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ رمضان المبارک کے پیش نظر دارالحکومت کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرے جبکہ انتظامیہ ریٹ لسٹ پر سختی سے عملدرآمد کرائے اور گرانفروشی کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے کئے جائیں تاکہ عوام کو سکھ کا سانس نصیب ہوسکے ۔

Scroll to Top