راولپنڈی: بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل صاحبزادہ گل فراز اور ایک سپاہی شہید ہو گئے جبکہ آپریشن میں 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بنوں ضلع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے اس وقت نشانہ بنایا جب خوارج کی موجودگی، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جا رہا تھا۔
سکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو بروقت روک لیا اور اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ یہ دہشت گرد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، یوں ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں: تھانہ میریان کے گیٹ کے قریب دھماکہ، 2 شہری شہید اور 15 زخمی
آپریشن کے دوران خوارج کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا تاہم مایوسی کے عالم میں خوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرانے سے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے۔ مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر تھے اور اپنی جرات مندانہ کارروائیوں کے لیے معروف تھے۔
شہید لیفٹیننٹ کرنل گلفراز کا قرآنی آیات پر مشتمل آخری واٹس ایپ اسٹیٹس وائرل ہو گیا۔ خودکش حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل نے سحری کے وقت اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پرسورہ بقرہ کی آخری دو آیات کے ساتھ چند قرآنی آیات لگائی تھیں کہ ہم اللہ کے ہیں اور بے شک ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حرمین شریفین میں اعتکاف کی رجسٹریشن شروع، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے لیے درخواستیں طلب

آئی ایس پی آرکے مطابق اس دوران فورسز کے آپریشن میں 5 خوارج بھی مارے گئے اور سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بنوں کو ایک بڑے سانحہ سے بچا لیا گیا۔۔
دہشتگردوں کے بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور اہلکاروں کا نشانہ بنانے کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ماہ مقدس میں بھی خوارج کی افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردانہ سرگرمیاں جاری ہیں، دہشتگردوں کے ماہ رمضان کے تقدس کے پامال سے واضح ہے ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ خوارج رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
مزید پڑھیں: بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بڑی کارروائی، انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 6 خوارج دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت ایک بار پھر خوارج کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ پاکستان کسی قسم کا ضبط و تحمل نہیں برتے گا اور اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے ذمہ داروں کے خلاف ان کی موجودگی سے قطع نظر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ خوارج کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔
اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔




