حرمین شریفین میں اعتکاف کی رجسٹریشن شروع، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے لیے درخواستیں طلب

مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں ادارہ امورِ حرمین شریفین نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس مقصد کے لیے ادارہ حرمین کی ویب سائٹ پر خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اعتکاف کرنے کے خواہشمند مرد اور خواتین ادارے کی ویب سائٹ پر اپنا نیا اکاؤنٹ بنائیں، اور جن کا اکاؤنٹ پہلے سے موجود ہے وہ اسی کے ذریعے لاگ ان کر کے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین میں اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک سے ہوگا جو 30 رمضان یا شوال کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کا رمضان میں گرانفروشی پر سخت نوٹس،آج اہم اجلاس بلا لیا

ادارہ امورِ حرمین نے واضح کیا ہے کہ اعتکاف کے لیے نشستوں کی تعداد محدود ہے، اس لیے خواہش مند افراد اپنا اکاؤنٹ جلد مکمل کر لیں۔ مقررہ تعداد پوری ہوتے ہی رجسٹریشن کا عمل بند کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ہر سال رمضان کے آخری عشرے میں سعودی عرب کے اندر اور باہر سے بڑی تعداد میں مسلمان حرمین شریفین میں اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکہ اور مدینہ کا رخ کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: رمضان کا پہلا دن: فروٹ کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ

Scroll to Top