مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر میں کیپٹن (ریٹائرڈ) لیاقت علی کی بطور انسپکٹر جنرل پولیس تعیناتی پر عوامی، سماجی اور سرکاری حلقوں کی جانب سے بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور وسیع انتظامی تجربے کی بدولت پولیس نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنائیں گے۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، وکلاء، تاجروں اور نوجوانوں نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں امن و امان کا قیام، عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنا اور جدید تقاضوں کے مطابق پولیسنگ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ نئے آئی جی آزاد کشمیر لیاقت علی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ پولیس فورس کی تربیت، احتساب اور پیشہ ورانہ معیار کو مزید بہتر بنائیں گے ۔
عوام نے نئے آئی جی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں پولیس فورس پیشہ ورانہ دیانت، شفافیت اور خدمتِ خلق کی نئی مثالیں قائم کرے گی، جس سے آزاد کشمیر میں قانون کی حکمرانی مزید مستحکم ہو گی ۔
انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر لیاقت علی کی قیادت میں آزاد کشمیر پولیس ایک منظم، باوقار اور عوام دوست ادارے کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے ۔ ادارے کے سینئر افسران کے ہمراہ ان کی موجودگی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پولیس میں ٹیم ورک، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئی جی آزادکشمیر لیاقت علی ملک نے عہدے کا چارج سنبھال لیا، پولیس دستے کی سلامی
آئی جی لیاقت علی نہ صرف ایک تجربہ کار اور باصلاحیت پولیس افسر ہیں بلکہ ان کی اخلاقی اقدار، شائستہ گفتار، عاجزی اور انکساری کو افسران اور عوامی حلقوں میں یکساں طور پر سراہا جا رہا ہے ۔ ان کا طرزِ قیادت اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ مضبوط ادارے صرف سختی سے نہیں بلکہ حسنِ اخلاق، برداشت اور انصاف کے اصولوں سے بھی مضبوط ہوتے ہیں ۔
عوامی اور سرکاری حلقوں کا کہنا ہے کہ آئی جی لیاقت علی نے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ان کی قیادت میں پولیس افسران کو نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس دلایا جا رہا ہے بلکہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور شفاف رویے کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے ۔
آزاد کشمیر کی حساس صورتحال اور جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر ایک مدبر، منصف مزاج اور باوقار پولیس قیادت کی اشد ضرورت تھی، جس پر آئی جی لیاقت علی پورا اترتے دکھائی دیتے ہیں ۔ ان کی کوششیں آزاد کشمیر میں امن، قانون کی بالادستی اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے نہایت مثبت اور حوصلہ افزا ثابت ہو رہی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سادگی کی مثال، نئے آئی جی آزادکشمیر لیاقت علی بغیر پروٹوکول کوہالہ پل پہنچ گئے،اہلکار متاثر
عوامی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئی جی آزاد کشمیر لیاقت علی کی قیادت میں پولیس فورس مزید مضبوط ہو گی اور آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی ۔




