مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بہار 2026ء کے سمسٹر داخلوں کی تاریخ میں توسیع کر دی تاکہ طلبہ کو بغیر کسی مشکل کے اپنے تعلیمی مراحل مکمل کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے ۔ اس اقدام کا مقصد اُن طلبہ کی سہولت ہے جو مختلف وجوہات کی بنا ءپر بروقت داخلہ حاصل نہیں کر سکے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بہار 2026ء کے سمسٹر میں مختلف تعلیمی پروگرامز کے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے ۔ اب طلبہ 25 فروری 2026ء تک میٹرک، انٹرمیڈیٹ، بی ایس، ٹیچر ٹریننگ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسز میں بغیر لیٹ فیس داخلہ حاصل کر سکتے ہیں ۔
ریجنل ڈائریکٹر مظفرآباد ڈویژن شازیہ صدیق نے کہا ہے کہ یونیورسٹی نے داخلہ مہم میں توسیع کا فیصلہ طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے تعلیمی مراحل مکمل کر سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے امتحانات شدید بارشوں کے ملتوی، نئی تاریخوں کا اعلان
ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلوں کی آخری تاریخ 17 فروری 2026ء مقرر کی گئی ہے اور یونیورسٹی کے موجودہ طلبہ کیلئے انرولمنٹ کی آخری تاریخ بھی 17 فروری ہے ۔
شازیہ صدیق کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیم فراہم کرنے کیلئےمسلسل اقدامات کر رہی ہے ۔ داخلوں میں توسیع کا مقصد اُن طلبہ کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مختلف وجوہات کی بناء پر بروقت داخلہ حاصل نہیں کر سکے ۔
مظفرآباد ڈویژن اور اس سے ملحقہ اضلاع کے تمام طلبہ و طالبات سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر اپنے داخلے اور انرولمنٹ کے مراحل مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے ۔
طلبہ داخلہ فارم اور دیگر معلومات کیلئے یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ یا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس مظفرآباد سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سینٹر کی غیر موجودگی، تتہ پانی کے طلبہ کا تعلیمی سفر دشوار
یونیورسٹی ملک بھر میں فاصلاتی نظامِ تعلیم کے ذریعے لاکھوں طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے اور سمسٹر بہار 2026ء میں داخلوں کی توسیع کو طلبہ اور والدین کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے ۔




