امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان اللہ کی بے شمار نعمتوں کی قدر دانی کا بابرکت اور مقدس مہینہ ہے۔
واشنگٹن سے جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ بہت سے امریکیوں کے لیے عبادت اور روزے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور خاندانی و معاشرتی رشتوں کو مضبوط بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہِ رمضان ہمدردی، خیرات، رحمت اور عاجزی جیسی مشترکہ اقدار کی توثیق کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا مذاکرات کا دوسرادور ختم ،خامنہ ای نے ٹرمپ کو خبردار کردیا
ڈونلڈ ٹرمپ نے مذہبی آزادی پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ آزادانہ طور پر عبادت کرنے کا حق ہماری قوم کی نمایاں پہچان اور خوش حالی و طاقت کی بنیاد ہے، میری انتظامیہ ہر روز اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ تمام شہری بغیر کسی خوف یا ظلم و ستم کے اپنے عقیدے پر عمل کر سکیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ مذہبی آزادی کا مطلب اپنے مذہب پر فخر کے ساتھ بلا خوف عمل کرنے کی آزادی ہے، میں فضل اور خیر سگالی کے اس مہینے میں دنیا بھر میں اتحاد، امن اور برکتوں کے لیے دعا گو ہوں۔




