پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ، نیا نوٹیفیکیشن جاری

پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مٹی کا تیل 4 روپے 73 پیسے فی لٹر مزید مہنگا کر دیا گیا ہے، جس کا اوگرا نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق 4 روپے 73 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 180 روپے 53 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 175 روپے 80 پیسے فی لٹر تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں اس حالیہ اضافے کا اطلاق 16 فروری سے کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر کتنے روپے ٹیکس لیا جا رہا ہے؟دستاویزات آگئیں

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

31 جنوری کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ حالیہ اضافے کے بعد رمضان المبارک میں مہنگائی کی نئی لہر آنے کا امکان ہے جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ 15 روز قبل کیے گئے اضافے پر بھی تاجر برادری سمیت مختلف مکاتب فکر نے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اضافہ واپس لیا جائے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتروں میں بڑا اضافہ کردیا

Scroll to Top