دنیا بھر کے ممتاز سابق بین الاقوامی کرکٹ کے 14 کپتانوں کے ایک گروپ نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور سابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے ان کے لیے ’این آر اُو‘ مانگ لیا ہے۔
17 فروری 2026 کو جاری کردہ خط میں دستخط کنندگان نے کہا کہ انہیں عمران خان کی بگڑتی ہوئی صحت، خصوصاً حراست کے دوران بینائی میں نمایاں کمی کی اطلاعات اور گزشتہ ڈھائی برسوں سے ان کی قید کے حالات پر گہری تشویش ہے۔
سابق کپتانوں نے عالمی کرکٹ میں عمران خان کے مقام کو اجاگر کرتے ہوئے یاد دلایا کہ انہوں نے 1992 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کو تاریخی فتح دلائی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ کامیابی مہارت، حوصلے، قیادت اور کھیل کے جذبے پر مبنی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ دستخط کنندگان میں سے کئی نے یا تو عمران خان کے خلاف کرکٹ کھیلی، ان کے ساتھ میدان میں شریک رہے یا ان کی آل راؤنڈر صلاحیتوں اور قائدانہ کردار سے متاثر ہو کر بڑے ہوئے۔ انہیں کرکٹ کی تاریخ کے بڑے آل راؤنڈرز اور کپتانوں میں شمار کیا گیا جنہیں کھلاڑیوں، شائقین اور منتظمین کی جانب سے یکساں احترام حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی صحت کیسی؟ ڈاکٹرز کی گفتگو کی تصدیق کرسکتا ہوں نہ تردید،ڈاکٹرعاصم یوسف
کرکٹ سے ہٹ کر بیان میں ان کے بطور وزیر اعظم خدمات کا بھی ذکر کیا گیا اور کہا گیا کہ سیاسی اختلافات سے قطع نظر وہ جمہوری طور پر منتخب ہو کر اپنے ملک کے اعلیٰ ترین منصب تک پہنچے ہیں۔
سابق کپتانوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری اور مسلسل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، انہیں اپنی مرضی کے ماہر ڈاکٹروں سے علاج کی اجازت دی جائے، حراست کے دوران انسانی وقار کے مطابق سہولیات دی جائیں، اہل خانہ سے باقاعدہ ملاقاتوں کی اجازت ہو اور انہیں قانونی عمل تک شفاف اور بلا تاخیر رسائی دی جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ کرکٹ طویل عرصے سے قوموں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی آئی ہے، میدان میں مقابلہ ختم ہونے کے بعد احترام باقی رہتا ہے، اور عمران خان نے اپنے کیریئر میں اسی جذبے کی نمائندگی کی۔
اپیل میں زور دیا گیا کہ حکام شائستگی اور انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ اپیل کھیل کے جذبے اور مشترکہ انسانیت کے تحت کی گئی ہے اور اس کا کسی قانونی کارروائی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
مزید پڑھیں:عمران کی رہائی کیلئے سب سے زیادہ کوشش محسن نقوی نے کی، گنڈاپور کا انکشاف
اس خط پر سابق کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر اے او، مائیکل بریئرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، پدما بھوشن، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گوو، کم ہیوز، ناصر حسین، سر کلائیو لائیڈ، پدما بھوشن کپل دیو نکھنج، اسٹیفن وا اور جان رائٹ کے دستخط شامل ہیں۔





