سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویتِ ہلال کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ سعودی فلکیاتی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ سعودی عرب میں پہلا روزہ بدھ کے روز ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں منعقد ہوگا۔ اس حوالے سے ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ سائنسی شواہد کے مطابق پاکستان میں یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ دونوں ممالک میں چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلانات متعلقہ کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رمضان کا چاند کب نظر آئے گا؟ محکمہ موسمیات نے بڑی پیش گوئی کر دی
محکمہ موسمیات نے پاکستان میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں 18 فروری 2026 کو ماہِ صیام کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ فلکیاتی حساب کتاب کے مطابق رمضان کے چاند کی پیدائش 17 فروری 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 01 منٹ پر ہوگی، جبکہ 29 شعبان المعظم یعنی 18 فروری کی شام کو اسے آسمان پر دیکھے جانے کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔




