کولمبو : سری لنکا میں پاکستانی شہریوں کو ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر سے اہم ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستانیوں کو پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا۔
ویزا پابندیوں کا خاتمہ اور اعلیٰ سطح کے دورے:
پاکستانی وزیر داخلہ کی نشاندہی پر سری لنکن صدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو تمام منفی لسٹوں سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔ ملاقات کے دوران سری لنکن صدر نے بتایا کہ وہ ملک کی وزیر اعظم کو بھی جلد پاکستان کے دورے پر بھیج رہے ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری: 32 ممالک تک ویزا فری رسائی
دفاعی تعاون اور مشترکہ ٹریننگ پر اتفاق:
اس اہم ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹریننگ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کے لیے صدر کے کردار کی تعریف کی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے انہیں دورہ پاکستان کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی پہنچایا۔
کرکٹ اور خیر سگالی کے جذبات:
محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بہترین انتظامات اور پاکستانی وفد کی میزبانی پر سری لنکن قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب سری لنکن صدر نے بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے خیر سگالی کے جذبے کو سراہا اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔




