ہٹیاں بالا، جہلم ویلی: مصطفائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ملک گیر تعلیمی نیٹ ورک سے منسلک مصطفائی ماڈل اسکول، ہٹیاں بالا کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جو علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سید اشتیاق حسین بخاری، چیئرمین مصطفائی ایجوکیشن سسٹم آزاد کشمیر و مرکزی صدر آزاد کشمیر پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن تھے۔ اس موقع پر معروف تعلیمی و سماجی شخصیات، سینئر معلم مرزا نعیم یونس مغل، جنرل سیکرٹری ایپسکا ضلع جہلم ویلی سید بلال ہمدانی، سید اسلم کاظمی، ڈاکٹر نذیر مغل، سجاد الرحمٰن، عبدالقدیر مغل سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید اشتیاق حسین بخاری نے کہا کہ مصطفائی ماڈل اسکول ہٹیاں بالا کا قیام کسی عام تعلیمی ادارے کا اضافہ نہیں بلکہ خدمت کے مشن کی جانب ایک اور عملی قدم ہے، جو والدین کے تعاون سے مصطفائی معاشرے کے قیام کی جدوجہد کو مزید آگے بڑھائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصطفائی ایجوکیشن سسٹم “خوفِ خدا، حبِ رسولؐ اور خدمتِ خلق” کے بنیادی اصولوں پر استوار ہے اور یہی اقدار طلبہ کی تعلیم و تربیت میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم صرف نصاب پڑھانے کا نام نہیں بلکہ اخلاقی، سماجی اور روحانی تربیت کے بغیر علم بے روح جسم کی مانند ہوتا ہے۔ اسی لیے مصطفائی اسکول سسٹم میں اعلیٰ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی اور روحانی ترقی پر بھی بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔
افتتاحی تقریب میں سینئر معلم مرزا نعیم یونس مغل نے طلبہ کی ہمہ جہت تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی تعلیم وہی ہے جو کردار سازی، احساسِ ذمہ داری، ایمانداری اور محنت کی عادت پیدا کرے، تاکہ طلبہ نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیاب ہوں بلکہ معاشرے کے لیے بھی مثبت مثال بن سکیں۔
جنرل سیکرٹری ایپسکا، سید بلال ہمدانی نے مصطفائی ماڈل اسکول ہٹیاں بالا کو ضلع جہلم ویلی کے تعلیمی اداروں میں ایک خوشگوار اضافہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ نجی تعلیمی سیکٹر میں اعلیٰ معیار کی ایک مثال بنے گا۔
ادارے کی پرنسپل میڈم شبنم ظفر نے اس موقع پر والدین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہٹیاں بالا کیمپس میں طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا، جہاں تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ بچوں کی انفرادی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکول مستقبل میں آزاد کشمیر کے ممتاز تعلیمی اداروں میں شمار ہو گا، جہاں سے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم یافتہ، بہترین مسلمان اور محب وطن شہری بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین مصطفائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اعلان کیا کہ مصطفائی ایجوکیشن سسٹم کے تمام ادارے یتیم و نادار طلبہ کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ ماہانہ اسکالرشپ بھی فراہم کرتے ہیں، جبکہ ہر کلاس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بھی اسکالرشپس دی جائیں گی، تاکہ قابل اور محنتی طلبہ اپنی تعلیمی قابلیت کو مالی مسائل کے بغیر بہتر بنا سکیں۔