ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، مظفرآباد میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان

اسلام آباد/مظفرآباد: محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کی نئی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 16 فروری سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہو سکتا ہے، جس کے باعث جنوبی اور مغربی حصوں میں موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے جہاں پلوامہ اور لہہ میں پارہ نقطہ انجماد سے کافی نیچے گر گیا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شوپیاں اور بارہ مولہ میں درجہ حرارت 0 ڈگری، راولاکوٹ، اننت ناگ اور سری نگر میں 1 ڈگری، جبکہ مظفر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ گڑھی دوپٹہ میں پارہ 7 ڈگری اور جموں میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا ہے۔ پیر کے روز کشمیر میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ منگل کو مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 17 فروری سے ملک میں نیاسپیل داخل،ہلکی بارش کا امکان،محکمہ موسمیات

پیر سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے اثرات بلوچستان، سندھ (بشمول کراچی) اور خیبرپختونخوا کے علاقوں وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ 17 فروری کو جنوبی پنجاب میں بارش جبکہ شمالی بلوچستان اور ڈی جی خان میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

دیگر شہروں کی صورتحال کے مطابق کراچی میں معمول سے پہلے گرمی بڑھنے کا خدشہ ہے جہاں درجہ حرارت 31 ڈگری تک جا سکتا ہے ۔ لاہور میں دوپہر کا موسم معتدل رہنے اور اسلام آباد میں سرد و خشک رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں سردی کی شدت برقرار ہے جہاں قلات اور زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارت کے خلاف مسلسل شکست: بابر اعظم کی کارکردگی پر سوالات: کرکٹ سسٹم شدید تنقید کی زد میں

Scroll to Top