مظفرآباد : حکومت آزاد جموں و کشمیر نے محکمہ برقیات کے ملازمین کے لیے ایک تاریخی اور بڑے مالی امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
محکمہ مالیات کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فیصلہ صدر آزاد جموں و کشمیر اور کابینہ کے 35 ویں اجلاس میں کی گئی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد دورانِ ڈیوٹی حادثات کا شکار ہونے والے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مالی معاونت کرنا ہے۔
مالی پیکج اور مراعات کی تفصیلات:
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے لواحقین کے لیے پچاس (50) لاکھ روپے کی مالی معاونت منظور کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شدید زخمی ہونے والے ملازمین کو پچیس (25) لاکھ روپے گرانٹ اور معمولی زخمی ہونے والوں کو دو (02) لاکھ روپے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ دونوں صورتوں میں مفت علاج معالجہ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ برقیات کا عارضی ملازم حق کی خاطر لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گیا
اہلخانہ کے لیے ملازمت کا تحفظ:
حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی کفالت کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھایا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، دورانِ ڈیوٹی فوت ہونے والے ملازم کے ورثا کی جانب سے نامزد کردہ ایک فرد کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمت فراہم کی جائے گی۔ یہ تقرری ابتدائی طور پر طویل مدت کے لیے ہوگی تاکہ متاثرہ خاندان کا معاشی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
حفاظتی شرائط اور تربیت:
حکومت نے اس مالی پیکج کو ایک اہم حفاظتی شرط سے بھی مشروط کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی غیر تربیت یافتہ شخص کو بجلی کی ہائی وولٹیج یا خطرناک ڈیوٹی پر مامور نہیں کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد لائن مینوں اور فیلڈ سٹاف کو حادثات سے محفوظ رکھنا اور پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا ہے۔





