روزانہ 2 کپ چائے یا کافی پینے کے دماغی صحت پر حیرت انگیز اثرات، نئی تحقیق سامنے آگئی

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ چائے یا کافی کا مناسب استعمال دماغی صحت کو بہتر بنانے اور ڈیمنشیا (دماغی تنزلی) جیسی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کی صحت کا 40 سال تک طویل جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق، جو افراد روزانہ 2 سے 3 کپ کافی یا 1 سے 2 کپ چائے پیتے ہیں، ان میں ڈیمنشیا میں مبتلا ہونے کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں 15 سے 20 فیصد تک کم پایا گیا جو یہ مشروبات استعمال نہیں کرتے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرض سے بچاؤ کے لیے ابتدائی احتیاط بے حد ضروری ہے اور کیفین دماغ کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تاہم، تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ تین کپ سے زیادہ چائے یا کافی پینے سے کوئی اضافی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: چائے خصوصاً سبز چائے سے متعلق چینی تحقیق نے اہم حقائق بتا دیے

محققین نے دریافت کیا کہ کیفین والی کافی پینے والوں میں دماغی صلاحیتوں میں کمی نسبتاً کم دیکھی گئی، جبکہ ڈی کیف (بغیر کیفین والی) کافی پینے والوں کے مقابلے میں ان افراد نے دماغی ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی دکھائی۔ ماہرین کے مطابق چائے اور کافی میں موجود کیفین اور پولی فینولز دماغی ورم اور تکسیدی تناؤ کو کم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، کیفین کا استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بھی کم کرتا ہے، جو کہ ڈیمنشیا کا ایک اہم سبب بن سکتا ہے۔ ماہرین کی تجویز ہے کہ چائے اور کافی کا متوازن استعمال بڑھاپے میں یادداشت کو محفوظ رکھنے کے لیے بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید پرھیں: وزن کم کرنے،توانائی بڑھانے کیلئےگھی کافی کے حیرت انگیز کارنامے

Scroll to Top