اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر رضوان تاج نے زائد فیس وصول کرنے والے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پروفیسر رضوان تاج نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زائد فیس وصول کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں 12 کالجز کو شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اضافی فیس یا تو واپس کی جائے گی یا اگلے سال کی فیس میں ایڈجسٹ کی جائے گی ۔ کچھ اداروں نے زائد فیس کے معاملے پر عدالت سے رجوع بھی کیا ہے ۔
صدر پی ایم ڈی سی نے مزید کہا کہ میڈیکل کالجز کو فیس بڑھانے کے لیے مالی جواز پیش کرنا لازمی ہوگا اور فیس میں اضافہ صرف ویلیوایشن کے بعد منظور کیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل نیلامی میں نظر انداز کئے جانے پر احمد شہزاد آبدیدہ ہو گئے
واضح رہے کہ 30 جنوری کو پی ایم ڈی سی نے ملک بھر کے پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کی زیادہ سے زیادہ فیس مقرر کی تھی۔ اس کے مطابق پروگرامز کی زیادہ سے زیادہ ٹیوشن فیس، تمام اضافی چارجز سمیت، 18 لاکھ روپے ہوگی، جو سیشن 2024-25 کے تمام طلبہ پر لاگو ہوگی ۔
بعد ازاں 6 اکتوبر 2025 کو اعلان کیا گیا کہ 5 فیصد اضافے کے ساتھ سیشن 2025-26 کے لیے فیس 18.9 لاکھ روپے ہوگی، جو تمام سالانہ سیشنز اور تمام طلبہ پر نافذ ہوگی ۔
پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ 2026 کے بعد فیس میں کسی بھی قسم کا اضافہ صرف کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اس سلسلے میں علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کا جنگی جنون، مزید 114 رافیل خریدنے کیلئے تاریخ کا بڑا بجٹ مختص کر دیا
پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فیس اسٹرکچر پر مکمل عمل کریں، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی ۔




