وادی لیپا : وادی لیپا کے دشوار گزار علاقوں اور سخت موسمی حالات میں پاک فوج عوامی خدمت کے مشن پر سرگرم عمل ہے۔ پاک فوج کے زیرِ نگرانی قائم کردہ طبی مرکز مقامی آبادی کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جہاں بنیادی اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ برفباری اور زمینی راستوں کی بندش کے باوجود پاک فوج کا طبی عملہ دن رات عوامی خدمات میں مصروف ہے۔
پاک فوج کی جانب سے اس ہسپتال میں مقامی شہریوں کو نہ صرف مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے بلکہ معیاری ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ ہنگامی صورتحال ہو یا عام طبی مسائل، یہ طبی مرکز ہر وقت عوام کی مدد کے لیے دستیاب رہتا ہے، جس سے دور دراز علاقوں کے مکینوں کو درپیش طبی مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی 2026 کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی، ریاست کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: نورالعین قاضی
وادی لیپا کے مقامی شہریوں نے پاک فوج کے ان اقدامات کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہسپتال اب ان کی زندگیوں کی ضمانت بن چکا ہے۔ شہریوں کے مطابق بروقت علاج اور فوری طبی امداد کی بدولت اب تک کئی قیمتی جانیں بچائی جا چکی ہیں۔ عوام نے پاک فوج کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی قابلِ ستائش خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ مشکل ترین حالات میں بھی ہمیشہ اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہے۔




