ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان اور امریکا آج ایک بار پھر آمنے سامنے

کولمبو :آئی سی سی کے زیر اہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج مزید تین میچ کھیلے جائیں گے ۔پہلا میچ گروپ اے کی ٹیموں نیدرلینڈز اور نمیبیا کے درمیان ارون جیٹلی سٹیڈیم، دہلی میں کھیلا جائے گا۔

دوسرے میچ میں گروپ ڈی کی ٹیمیں نیوزی لینڈ اور یواے ای چنئی میں پنجہ آزمائی کریں گی ،تیسرا اور آخری میچ گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور امریکا کے درمیان سنہالیز سپورٹس کلب کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور امریکہ (USA) کے درمیان اب تک صرف ایک بین الاقوامی میچ (ٹی20 انٹرنیشنل) ہوا ہےجو 6 جون 2024 کو ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلا گیا تھا جسے ٹی 20انٹرنیشنل میچ کرکٹ کی تاریخ کے بڑے اپ سیٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔

امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی کوششیں کامیاب، بنگلا دیش کو کیا کچھ ملے گا؟آئی سی سی نے بتا دیا

کپتان بابر اعظم نے 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے جارحانہ انداز میں 40 رنز بنا کر سکور کو مضبوط بنایا۔ ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا کر مقابلہ برابر کر دیا۔ امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ذمہ دارانہ نصف سنچری سکور کی تھی۔

سپر اوور میں امریکا نے 18 رنز بنائے جبکہ پاکستانی ٹیم صرف 13 رنز ہی بنا سکی، یوں امریکا نے پاکستان کے خلاف واحد ٹی 20میچ جیت کر عالمی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔

آج پھر دونوں ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے آنے کے لیے تیار ہیں،موسم صاف رہنے کی پیشگوئی کے باعث مکمل 20 اوورز کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

پاکستانی ٹیم نے حالیہ میچز میں بیٹنگ اور بائولنگ دونوں شعبوں میں توازن دکھایا ہے جبکہ امریکا اپنی ہوم کنڈیشنز میں کھیلے گئے متعدد ٹی 20میچز اور لیگز کے تجربے کے ساتھ پراعتماد دکھائی دے رہا ہے۔

پاکستانی شاہین پہلے میچ میں فتح کیساتھ پرعزم ہیں جبکہ امریکا کی ٹیم بھارت سے شکست کھائی ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ نہایت اہم ہے کیونکہ فتح کی صورت میں اگلے مرحلے تک رسائی کی راہ خاصی ہموار ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت نے امریکی ٹیم کو شکست دی تھی جس کےبعدگزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ:شاہینوں کو بھارت کیخلاف میدان میں اترنے کی اجازت مل گئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں کہا امریکی ٹیم ایک مضبوط اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کھلاڑیوں کے جذبے اور تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اپنی ٹیم سے بڑی امیدیں ہیں۔

Scroll to Top