حکومتِ آسٹریلیا نے پاکستانی شہریوں کے لیے آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپ 2027 کے تحت درخواستوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
یہ اسکالرشپ پروگرام پاکستانی پیشہ ور افراد کو آسٹریلیا کی نامور جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا مکمل مفت موقع فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد نہ صرف تعلیمی ترقی ہے بلکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانا اور طویل مدتی ترقیاتی شراکت داری کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل اسکالر شپ کیلئےدرخواستیں طلب : پاکستانی طلباکو بڑی خوشخبری مل گئی
یہ اسکالرشپ صرف ماسٹرز لیول کی تعلیم کے لیے دی جا رہی ہے۔ درخواست دینے والے امیدوار کے لیے ضروری ہے کہ اس کی کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل ہو اور وہ پاکستان میں کم از کم 5 سالہ متعلقہ پیشہ ورانہ تجربہ رکھتا ہو۔ اس کے علاوہ درخواست جمع کرواتے وقت امیدوار کی عمر 45 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا اور درخواست کے وقت پاکستان میں مقیم ہونا بھی لازمی شرط ہے۔
اس پروگرام کے تحت ایک اہم شرط یہ بھی رکھی گئی ہے کہ منتخب امیدوار اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کم از کم دو سال کے لیے پاکستان واپس آ کر ملکی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔ اس شرط کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ حاصل کی گئی تعلیم اور مہارتیں پاکستان کے فائدے کے لیے استعمال ہو سکیں۔
آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپ کے تحت منتخب ہونے والے امیدواروں کے تمام اخراجات آسٹریلوی حکومت برداشت کرے گی۔ اس میں مکمل ٹیوشن فیس، آسٹریلیا آنے جانے کے لیے ریٹرن ایئر ٹکٹ، آسٹریلیا پہنچنے پر ایک بار دیا جانے والا اسٹیبلشمنٹ الاؤنس، ماہانہ رہائشی اخراجات، مکمل ہیلتھ انشورنس (OSHC) اور تعلیمی تحقیق یا فیلڈ ورک کے لیے اضافی مالی معاونت شامل ہے۔
یہ اسکالرشپ مختلف اہم شعبوں کے لیے دستیاب ہے جن میں زراعت، آبی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، بزنس مینجمنٹ، پبلک ہیلتھ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، صنفی مساوات اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔ پروگرام میں خواتین، معذور افراد اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو خصوصی طور پر درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ معذور افراد کے لیے IELTS اسکور میں بھی رعایت دی گئی ہے، جس کے تحت کم از کم 6.0 بینڈ جبکہ کسی بھی بینڈ میں 5.0 سے کم نہ ہونے کی شرط رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: اہم ایشیائی ملک کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان
خواہشمند امیدوار اپنی درخواستیں آن لائن OASIS پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست دیتے وقت پاسپورٹ کے مطابق امیدوار کا مکمل قانونی نام درج کرنا لازمی ہوگا۔ درخواستوں کا آغاز یکم فروری 2026 سے ہوگا جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 دوپہر 2 بجے (AEST) مقرر کی گئی ہے۔ اسکالرشپ کے نتائج کا اعلان اواخر 2026 میں متوقع ہے جبکہ منتخب امیدواروں کی تعلیم کا آغاز 2027 میں ہوگا۔




