آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ بولر اور کرکٹ کے لیجنڈ بریٹ لی نے دبئی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ سابق آسٹریلوی کھلاڑی نے اس اہم فیصلے سے اپنے مداحوں کو انسٹاگرام کے ذریعے آگاہ کیا اور اپنی پوسٹ میں دبئی منتقل ہونے کی وجوہات اور اپنے تجربات کا تفصیل سے ذکر کیا ۔
بریٹ لی کے مطابق ابتدائی طور پر وہ دبئی صرف کام کے سلسلے میں آتے جاتے تھے، لیکن وقت کے ساتھ یہ دورے بڑے مواقع میں تبدیل ہو گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ دبئی نے ان کی زندگی میں ایک اہم مقام حاصل کر لیا ہے، جہاں نہ صرف پیشہ ورانہ مواقع میسر ہیں بلکہ متوازن اور پُرسکون طرزِ زندگی بھی ممکن ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ کا معاملہ : آئی سی سی کا ہنگامی مداخلت کا فیصلہ
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ دبئی میں انہیں بہترین لوگ، نئے مواقع اور خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا ۔ انہوں نے شہر کے ماحول اور توانائی کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر لمحہ کچھ نیا سیکھنے اور کرنے کا جذبہ ملتا ہے، جو انہیں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے ۔
بریٹ لی نے خاص طور پر اپنے بچوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کے اسکول اعلیٰ معیار کے ہیں، کھیلوں کی سہولیات بہترین ہیں اور بچے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جو ان کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماحول خاندان کے لیے نہایت موزوں ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے زبردست قدم اٹھایا،آئی سی سی یکساں سلوک یقینی بنائے، سابق برطانوی کرکٹر
ساتھ ہی انہوں نے آسٹریلیا سے اپنی وابستگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کے لیے اپنا وطن ہمیشہ فخر کی بات رہے گا، اور وہاں کے یادگار لمحات ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہیں گے ۔ تاہم، بریٹ لی کا کہنا تھا کہ دبئی میں کچھ خاص بات ہے؛ یہاں کے مواقع، مثبت توانائی اور ترقی کا جذبہ انسان کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ یہاں کچھ بھی ممکن ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ شہر ان کے لیے خاص بن چکا ہے ۔




