مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے حلقے لچھراٹ کا دورہ کیا، جہاں عوام نے ان کا پُرتپاک انداز میں استقبال کیا ۔
وزیراعظم کے ویلکم کیلئے لوگ پٹہکہ سے لیکر نویاسیری تک مختلف مقامات پر جمع ہوئے اور انہیں دیدنی خوش آمدید پیش کیا۔ عوام کی بڑی تعداد نے وزیراعظم کے استقبال میں حصہ لیاجبکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے گل پاشی کے ذریعے انکا خیرمقدم کیا ۔
وزیراعظم آزادکشمیر کا استقبال ڈھول کی تھاپ اور روایتی انداز میں کیا گیا۔ اس موقع پر دیولیاں، دھنی، پرلہ، نوسدہ اور نوسیری میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے انہیں خوش آمدید کہا ۔ مختلف مقامات پر استقبالیہ تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں وزیراعظم نے خطاب بھی کیا اور عوام کے مسائل اور محرومیوں کے ازالے کیلئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے سردار عتیق کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیح عوام کی فلاح و بہبود اور عوامی محرومیوں کو دور کرنا اولین مقصد ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی شہداء کی جماعت ہے اور پارٹی کے اکابرین کے نظریہ کے مطابق خدمت کا مشن جاری رہے گا ۔ عوامی ضروریات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی تاکہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت ترقی کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ہر علاقے میں عوامی سہولیات کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ ہر پالیسی اور منصوبہ عوامی مفاد کیلئے ہوگا اور عوام کی فلاح کو حکومت کی اولین ترجیح بنایا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے مسعود خان کی کشمیر ہاؤس میں ملاقات
دورے کے دوران عوام نے وزیراعظم کے ساتھ کھلے دل سے بات کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا، جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔




