اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزارتِ خزانہ نے گریڈ 1سے 15تک کے سرکاری ملازمین کیلئے ایک اہم وضاحت جاری کی ہے ۔ وزارت نے کہا ہے کہ اسپیشل ڈسپنسیشن پالیسی 2023 کے تحت ہائر ٹائم اسکیل حاصل کرنے والے ملازمین کو تمام مالی فوائد مکمل طور پر ملیں گے ۔
فنانس ڈویژن کی طرف سے جاری کیے گئے آفیشل میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ جن ملازمین کو ہائر ٹائم اسکیل دیا جائے گا، انہیں پرانے بنیادی پے اسکیل کے بجائے نئے ہائر اسکیل کے مطابق تنخواہیں اور الاؤنسز ادا کیے جائیں گے ۔ اس اقدام سے سرکاری ملازمین کی مالی حالت میں بہتری آئے گی ۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا ۔ تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کو باضابطہ ہدایات جاری کی جا چکی ہیں تاکہ متعلقہ ادارے اس پالیسی پر عمل درارآمد یقینی بنا سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر خزانہ نے تنخواہ دار طبقے کو بجٹ سے قبل بڑی خوشخبری سنادی
حکام نے کہا ہے کہ اس وضاحت کا مقصد ملازمین میں پائی جانے والی ابہام کی صورتحال کو ختم کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ ہائر ٹائم اسکیل حاصل کرنے والے ملازمین کو مکمل مالی مراعات فراہم کی جائیں ۔
قبل ازیں بعض محکموں میں تنخواہوں اور الاؤنسز کی ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق مختلف تشریحات سامنے آ رہی تھیں ۔
سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیموں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نچلے گریڈ کے ملازمین کو براہِ راست فائدہ ہوگا اور ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہر پاکستانی 3 لاکھ 33 ہزار روپے کا مقروض ہوگیا؟ حکومت کا اعتراف
ماہرین کے مطابق ہائر ٹائم اسکیل کے مطابق تنخواہوں اورالاؤنسز کی ادائیگی سے گریڈ 1 سے پندرہ تک کے ملازمین کی مالی حالت میں واضح بہتری آئے گی، جس سے وہ مہنگائی کے دباؤ کا بہتر مقابلہ کر سکیں گے ۔




