مظفرآباد: کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے پاکستانی سیاسی، سماجی اور عسکری قیادت کی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز اور پوسٹر آویزاں کیے گئے ہیں۔
شہر کے داخلی راستوں اور اہم انٹری پوائنٹس پر ہندوستان کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ظلم و بربریت کو تصویری شکل میں پیش کرتے ہوئے پوسٹرز اور بینرز لگائے گئے ہیں، جن کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہاہے،نہتے کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح پاکستانی عسکری قیادت بھی اس پار کے مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے دارالحکومت مظفرآباد تشریف لا رہی ہے۔
آج ملک بھر کی طرح مظفرآباد میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف تقریبات، ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، جن میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام مظفرآباد میں یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران دارالحکومت میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔
ریلی کے شرکاء پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے لگاتے رہے۔ اس کے علاوہ بھارت سے لے لیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی کے نعرے بھی بلند کیے جاتے رہے۔
شرکاء کی جانب سے بھارتیو غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو، ہم چھین کے لیں گے آزادی جیسے نعرے بھی لگائے گئے، جس سے شہر کا ماحول یکجہتی کشمیر کے جذبے سے بھر گیا۔
مزید پڑھیں: کشمیری نژاد برطانونی کرکٹر معین علی نے پی ایس ایل میں انٹری دیدی
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں ہونے والی یہ سرگرمیاں کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا مظہر ہیں، جہاں عوام، سیاسی قیادت اور عسکری قیادت کی موجودگی نے دن کو خاص اہمیت دے دی۔




