دینی تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہاہے، شاہ غلام قادر،انعامات تقسیم

نیلم (کشمیر ڈیجیٹل سے)قائدِ حزبِ اختلاف قانون ساز اسمبلی وصدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی، اخلاقی اور دینی اقدامات موجودہ نظامِ تعلیم میں مثبت نکھار اور اصلاح کا باعث بن رہے ہیں۔

قرآنِ کریم کو ترجمہ اور فہم کے ساتھ پڑھنے والا فرد نہ صرف ایک باکردار انسان بنتا ہے بلکہ وہ معاشرے کیلئے بہترین مثال بھی ہوتا ہے۔

قرآنِ کریم انسانی زندگی کو شاندار، متوازن اور بامقصد انداز میں گزارنے کا مکمل ضابطہ حیات ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سنتِ اور قرآنِ کریم کی تعلیمات کی روشنی میں نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کیلئے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سونے کی ایک بار پھر اونچی اڑان،آج فی تولہ 14 ہزار 800 روپے مہنگا

فاؤنڈیشن کی جانب سے ضلع نیلم جیسے دور افتادہ اور پہاڑی علاقے میں چلہانہ سے تاؤبٹ تک مقابلہ فہمُ القرآن کا انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دینی تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے عام کیا جا رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ مقابلہ فہمُ القرآن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج اٹھمقام میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

شاہ غلام قادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن فہمی نوجوان نسل کی کردار سازی، فکری پختگی اور اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

ایسے مقابلے طلبہ میں نہ صرف دینی شعور بیدار کرتے ہیں بلکہ انہیں ایک ذمہ دار، بااخلاق اور مثبت شہری بنانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو محض امتحانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں قرآن و سنت کی تعلیمات سے جوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی یہ کاوشیں معاشرے میں رواداری، برداشت، دیانت داری اور خدمتِ خلق جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔

تقریب میں اساتذہ کرام، تعلیمی ماہرین، والدین، طلبا وطالبات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے مقابلہ فہمُ القرآن کو علم، آگاہی اور اخلاقی اقدار کے فروغ کی جانب ایک مؤثر اور بروقت اقدام قرار دیا۔

آخر میں منتظمین کی جانب سے مہمانِ خصوصی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا جبکہ کامیاب طلبہ و طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد اشرف،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رفیق صمد،ڈائریکٹر یونیورسٹی کیمپس ڈاکٹر لعل حسین،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنسواں شیمامیر،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری نذیر،ڈپٹی ڈی ای او زاہدہ اشرف،پرنسپل گرلزڈگری کالج آٹھ مقام زبیدہ بشیر،کریکٹرایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زونل ہیڈسید مرتضیٰ بخاری نے بھی خطاب کیا۔

Scroll to Top