آج دنیا بھر میں کینسر کا عالمی دن، مظفرآباد میں اٹامک انرجی کے جدید ترین کینسر ہسپتال کا قیام تاریخی پیش رفت

آج دنیا بھر میں کینسر کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کینسر جیسے مہنگے اور جان لیوا مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ کینسر کا علاج دنیا بھر میں مہنگا ترین علاج سمجھا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں بھی ہر عمر کے افراد اس مرض سے متاثر ہو رہے ہیں۔

پاکستان میں کینسر کے علاج کیلئے مختلف شہروں میں ہسپتال موجود ہیں، تاہم آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں کے مریضوں کو علاج کیلئے طویل فاصلہ طے کرکے اسلام آباد یا راولپنڈی جانا پڑتا تھا، جس سے نہ صرف مالی بوجھ بڑھتا تھا بلکہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑتا تھا۔

اسی پس منظر میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اور ریڈیوتھراپی کے نام سے ایک جدید ترین، اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال قائم کیا گیا ہے، جسے آزاد کشمیر کیلئے صحت کے شعبے میں ایک بڑی اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹامک انرجی کینسر ہسپتال وفاق کا بہترین تحفہ،ہرممکن تعاون کرینگے، وزیراعظم آزادکشمیر

اس جدید کینسر ہسپتال کا افتتاح اعلیٰ سطحی تقریب میں کیا گیا، جہاں بتایا گیا کہ یہ آزاد کشمیر کا پہلا مکمل نیوکلیئر میڈیسن اور کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر ہے۔ اس ہسپتال میں جدید تشخیصی آلات، ریڈیوتھراپی یونٹس، نیوکلیئر میڈیسن اور دیگر جدید علاجی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق علاج میسر آ سکے۔

اس ہسپتال کے قیام سے مظفرآباد کے ساتھ ساتھ ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالا کوٹ، نیلم ویلی، جہلم ویلی، لیپہ ویلی اور مری سمیت ملحقہ علاقوں کے ہزاروں مریض مستفید ہو سکیں گے۔ رپورٹس کے مطابق اب ان علاقوں کے مریضوں کو کینسر کے علاج کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ انہیں یہ سہولت اپنے ہی خطے میں دستیاب ہو گی۔

علاقہ مکینوں اور مریضوں کے مطابق مظفرآباد کے عین وسط میں قائم کیے گئے اس ہسپتال تک رسائی آسان ہے اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات اور علاج کے طریقہ کار پر مریض اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے اس منصوبے کو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت شروع کیا گیا ہے، تاکہ کینسر کے مریضوں کو بروقت، معیاری اور نسبتاً کم خرچ علاج فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظمِ پاکستان نےمظفرآباد میں آزاد کشمیر کے پہلے کینسر ہسپتال کا افتتاح کر دیا

عالمی یومِ کینسر کے موقع پر مظفرآباد میں اس جدید کینسر ہسپتال کا قیام اس بات کی واضح مثال ہے کہ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ گرد و نواح کے علاقوں کے عوام کو بھی بڑا ریلیف ملے گا۔

Scroll to Top