واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، اُمید ہے یہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے ایران سے مذاکرات سے متعلق سوال کیا جس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے ائیر کرافٹ کیریئر کی طرف آنے والا ایرانی ڈرون مار گرایا،ترجمان
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کسی پیش رفت کا خواہشمند نظر آتا ہے تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا واقعی کوئی نتیجہ سامنے آتا ہے یا نہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں لیکن اگلی ملاقات کہاں ہوگی، اس کا انہیں ابھی علم نہیں۔
ایک موقع پر صدر ٹرمپ بولے کہ ماضی میں بھی ایران کو بات چیت کا موقع ملا لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا جس کے بعد ہم نے ایران کےخلاف آپریشن مڈ نائٹ ہیمر کیا۔ مجھے نہیں لگتا کہ ایران مڈنائٹ ہیمر جیسی کارروائی دوبارہ چاہے گا۔
گزشتہ روز بھی وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑا بحری بیڑہ ایران کی جانب گامزن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی :پاکستان کو مذاکرات میں شرکت کی دعوت
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ اگر کوئی معاملہ طے پا گیا تو یہ بہتر ہوگا تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو بہت برُے نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے مذاکرات استنبول میں ہونے کا امکان ہے اور پاکستان کو بھی مذاکرات میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔




