آزاد کشمیر میں موسم خشک لیکن سردی کی شدت برقرار

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں مسلسل بارشوں اور برفباری کے بعد آج موسم خشک مگرسرد ہے۔ بلند پہاڑی مقامات پر برفباری کا سلسلہ ابھی تھم گیا ہے تاہم سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے فراہم کی گئی معلامات کے مطابق مظفرآباد میں درجہ حرارت 10°C جبکہ رات کو 4°C تک گرنے کا امکان ہے۔ وادی لیپہ میں سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی ہے جہاں درجہ حرارت 3°C جبکہ رات کے اوقات میں -3°C تک ریکارڈ کیا گیاہے۔ پیر چناسی میں بھی موسم سرد ہے جہاں دن کے وقت درجہ حرارت 1°C اور رات میں -4°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نیلم ویلی میں برفباری کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 4°C جبکہ رات کو -2°C رہنے کا امکان ہے۔ باغ میں دن میں 9°C اور رات میں 2°C تک درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔ راولا کوٹ میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے جہاں دن کا درجہ حرارت 8°C اور رات کا 3°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برفباری کے بعد کئی سیاحتی مقامات کے راستے بند ہیں جنہیں کھولنے کے لیے انتظامیہ کام کر رہی ہے۔ پیر چناسی، وادی لیپہ، نیلم ویلی اور مکڑا پہاڑ جانے والے راستوں پر پھسلن اور برفباری کے اثرات برقرار ہیں۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل سڑکوں کی صورتحال جانچ لیں۔

بارش اور برفباری کے بعد کئی علاقوں میں بجلی اور نیٹ ورک کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق، ہٹیاں بالا، نیلم ویلی اور کوٹلی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا کام جاری ہےاور جلد مکمل بحالی کی امید کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک مگر شدید ٹھنڈا رہے گا۔ بارش یا برفباری کا کوئی امکان نہیں تاہم سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

Scroll to Top