کھوئی رٹہ :آزاد کشمیر کے علاقے کھوئی رٹہ میں مستحق خواتین کے لیے ناقص انتظامات سامنے آنے پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے انچارج کا دفتر انتظامیہ نے سیل کر دیا۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی کے احکامات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق بی آئی ایس پی کے تحت امداد وصول کرنے کے لیے آنے والی مستحق خواتین کے لیے دفتر میں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔ خواتین کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث انہیں زمین پر بیٹھنے پر مجبور ہونا پڑا، جسے انتظامیہ نے انسانی وقار کے منافی اور حکومتی ہدایات کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی Q2 قسط کب جاری ہوگی؟
صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر ہی دفتر کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے اور واضح کیا کہ مستحق خواتین کے لیے متبادل اور مناسب انتظامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاحی پروگراموں سے مستفید ہونے والی خواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔
انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے قومی فلاحی منصوبے کے تحت آنے والی خواتین کو باعزت ماحول اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا متعلقہ عملے کی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کے لیےپروٹیکشن اقدام
انتظامی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ اگر اس نوعیت کی کوتاہی یا ناقص انتظامات سامنے آئے تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ مستحق خواتین کے حقوق اور وقار کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔




