چیمپئنز ٹرافی، آسٹریلیا اور انگلینڈ کا آج لاہورمیں ٹاکرا،دونوں کپتان جیت کیلئے پرعزم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیااور انگلینڈ کی ٹیمیں آج ہفتہ کو دوپہر2بجے لاہورمیں مدمقابل ہونگی ،دونوں کپتان اچھی کارکردگی دکھانے  کیلئے پرعزم ہیں ۔

آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے آسٹریلیا بڑے آئی سی سی ایونٹس میں پریشر کو اچھا ہینڈل کرتی ہے اور ہم بہت ہی ریلیکس ہیں اور میچ کیلئے تیاری کررہے ہیں۔

سٹیو سمتھ کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھرپور تیاری کی ہے اور ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے کارکردگی دکھانے کا موقع ہے۔ ہماری ٹیم میں کچھ بڑے کھلاڑی شامل نہیں ہیں ، انگلینڈ بہت بہترین ٹیم ہے اور وائٹ بال کرکٹ اچھا کھیل رہی ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ ہمیں میچ کیلئے کیا کرنا ہے اور پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس کے وقت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں اچھی ہیں، قذافی اسٹیڈیم اب اچھا ہوگیا امید ہے آج شائقین آکر میچ انجوائے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی شاندار ہے اور یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں ،جب سے آئے ہیں اچھے دن گزر رہے ہیں۔

انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم پہلے میچ کیلئے بالکل تیار اور پرجوش ہیں۔ یہاں ہمیں اچھی ٹریننگ کا موقع ملا، لاہور سے پہلے ابوظہبی میں بھی ٹریننگ سیشن کئے،جیمی اسمتھ ٹیلنٹڈ پلیئر ہیں، وہ ذمے داری کے لیے تیار ہیں۔

جوز بٹلر نے بتایا کہ کہا کہ وہ اپنی فارم سے مطمئن اور چیمپئینز ٹرافی کے لیے منتظر ہیں، یہاں کنڈیشنز مختلف ہوں گی۔ پی ایس ایل میں کئی کھلاڑی یہاں کھیل چکے ہیں، انہوں نے اپنے تجربے سے آگاہ کیا ہے، آسٹریلیا پرانا ملک ہے، ایک اچھا میچ ہو گا، جس کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان آ کر بہت پُرجوش ہیں، یہ ایک اچھی پچ لگ رہی ہے، ٹرائی سیریز میں یہاں اچھے رنز ہوئے تھے، پچ کو سامنے رکھ کر ہم نے اچھی پلاننگ کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی،پاکستان،افغانستان،بھارت اور آسٹریلیا ہارٹ فیورٹ

Scroll to Top