اسلام آباد:وفاقی حکومت نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی زندگی پر ارطغرل طرز کی ڈرامہ سیریز بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے منصوبے کے لیے ایک ارب روپے مختص کردیے ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ثقافت و ورثہ کےسیدہ نوشین افتخار کی زیر صدارت اجلاس کے دوران ملک کے ثقافتی، تاریخی اور ورثہ جاتی منصوبوں سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قائداعظم کی استقامت، دیانت اور نظم و ضبط آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں: فیصل ممتاز راٹھور
سیکرٹری قومی ورثہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قائداعظم اور علامہ اقبال کی زندگی پر ارطغرل طرز کی ڈرامہ سیریز بنانے کے لیے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں جس کا مقصد قومی ہیروز کی زندگی کو نئی نسل کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔
علامہ اقبال اکیڈمی کے ڈائریکٹر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ علامہ اقبال کے نواسوں اور پوتوں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے جو فروری کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی نے علامہ اقبال کے خاندان کے ساتھ ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ ارطغرل ایک تاریخی اور اسلامی پس منظر پر مبنی مشہور ترک ٹی وی سیریز ہے، جو 13 ویں صدی کے عظیم مسلمان رہنما ارطغرل غازی کی جدوجہد، قربانی اور قیادت کو اجاگر کرتا ہے، جو سلطنتِ عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کے والد تھے۔
یہ سیریز نہ صرف ترکی بلکہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں بے حد مقبول ہوئی۔ ڈرامے نے نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
قائمہ کمیٹی اجلاس میں قائد اعظم اور علامہ اقبال پر ڈرامہ سیریز بنانے سمیت دیگر ورثہ جاتی منصوبے بھی زیر غور آئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ثقافت اور ورثے کے حوالے سے سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں خاصی فعال ہیں۔ اس سلسلے میں چھ فروری کو عالمی مجسمہ نمائش منعقد کی جا رہی ہے۔
قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ طلبہ کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے مسلسل بنیادوں پر مطالعاتی دورے کرائے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو قومی ثقافت سے جوڑا جا سکے۔
اجلاس میں شکرپڑیاں کے قریب نئے قومی عجائب گھر کی تعمیر سے متعلق پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ اقبال کے افکار کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے،بیرسٹر سلطان ، چوہدری انوار الحق
سیکرٹری قومی ورثہ نے بتایا کہ قومی عجائب گھر کی تعمیر کے لیے شکرپڑیاں کے قریب زمین حاصل کر لی گئی ہے تاہم فنڈز واپس لے لیے جانے کے باعث منصوبہ اگلے سال تک مؤخر ہو گیا ہے۔
ان کے مطابق اس وقت محکمے کے پاس صرف 19 کروڑ روپے دستیاب ہیں۔ اس صورت حال پر قائمہ کمیٹی نے قومی عجائب گھر کے فنڈز کے حصول کے لیے وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔




