نیلم ،شاردا( کشمیر ڈیجیٹل) وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہرسعید شاہ ایک روزہ دورے پر بالائی نیلم کے علاقے کیل پہنچ گئے جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کیل کا دورہ کیااور کنٹریکٹ پر ڈاکٹرز بھرتی کرنے کا اعلان کردیا۔
پیر مظہر سعید شاہ نے ایمرجنسی سمیت داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان سے دستیاب علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیااورطبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ شدید موسمی حالات کے دوران حکومت آزادکشمیر کی جانب سے بالائی نیلم کے عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی اس بات کی دلیل ہے کہ صحت کا شعبہ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔
حکومت نے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تاریخی صحت پیکیج دیا ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کنٹریکٹ پر ڈاکٹرز بھرتی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حادثات کے دوران ریسکیو 1122سمیت ہسپتالوں میں 24/7 ایمرجنسی سروسز کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ہسپتال میں داخل مریضوں نے وزیر اطلاعات کے اچانک دورے کا خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کہ آزادکشمیر میں4 ہزار سے زائد کنٹریکٹ وعارضی ملازمین مستقل نہ ہونے پر سراپااحتاج ہیں جبکہ حکومت ان کے مستقبل کا فیصلہ کمیٹی قائم کرنے کے باوجود نہیں کررہی لیکن ایک بار پھر کنٹریکٹ پر ڈاکٹرز بھرتی کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیرمظہر سعید کی بنگلہ دیشی مشیر اطلاعات سے ملاقات،دورہ کی دعوت




