این ڈی ایم اے کی بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے خیبر پختونخواہ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں کے دوران مذکورہ علاقوں کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی ہے۔

خیبر پختونخواہ میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شدید سردی! آج سے بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

گلگت بلتستان میں گلگت، استور، غذر، دیامیر، سکردو، ہنزہ اور شگر کے علاقوں میں بھی بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور نیلم میں بھی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وادی نیلم میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ زیریں علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا ہے، تاہم بادلوں کے ڈیرے موجود ہیں اور آج بھی وادی نیلم میں برفباری جاری رہنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر عوام اور متعلقہ اداروں تک پیشگی آگاہی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ این ڈی ایم اے کی ہدایت کے مطابق لوگ مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں تاکہ وہ وقت پر آگاہ ہو سکیں اور محفوظ رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں، برفباری کا نیا سلسلہ کب شروع ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

Scroll to Top