میرپور، اراضی تنازع پر فائرنگ،2سگے بھائیوں سمیت 3جاں بحق ،4زخمی

میرپورآزادکشمیرتھانہ افضل پور کے علاقے پر اراضی تنازع پرہونیوالا جھگڑا خونی تصادم میں بدل گیا،دو سگے بھائیوں سمیت3افراد جاں بحق اور4زخمی ہو گئے۔

تھانہ افضل پورپولیس کے مطابق اراضی کے تنازع پر جھگڑاہوا اس دوران ملزم اشتیاق نے فائرنگ کی جس سے تین افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ایک تایا زاد کزن شامل ہیں، جن کی شناخت غالب، خرم اور عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں شامل خرم چند روز قبل ہی جنوبی افریقہ سے پاکستان آیا تھا۔ فائرنگ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور منتقل کر دیا گیاجہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد:معمولی تنازع تصادم میں تبدیل ،3 گھر راکھ کا ڈھیر،شہری سراپا احتجاج

ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کا کہنا ہے کہ جھگڑا زمین کے تنازع پر ہوا جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزم اشتیاق کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ادھرسابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میرپور پہنچ گئے جہاں انہوں نے حالیہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

چوہدری رخسار احمد نے افسوسناک واقعے میں تین افراد کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔

اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے دلخراش واقعات پورے معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top