لوڈشیڈنگ

مظفر آباد، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، عوام کا شدید احتجاج

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل نیوز) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شدید ترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرانسفارمر جلنے، اور گھریلو برقی آلات کے نقصان کیخلاف اہلیان گوجرہ نے احتجاج کیا اور شہر کی مصروف ترین ویسٹرن بائی پاس سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے ’’نااہل محکمہ برقیات ہائے ہائے‘‘ اور ’’ ایکسین برقیات ہائے ہائے ‘‘کے نعرے لگائے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں گزشتہ کئی دنوں سے شدید غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے، جس کے باعث لوگ کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہتے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ برقیات کی جانب سے نہ تو کوئی شیڈول جاری کیا جا رہا ہے اور نہ عوام کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ : سید ذیشان حیدر کی حکومت کو وارننگ

اہلِ گوجرہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لوڈشیڈنگ کا واضح شیڈول جاری کیا جائے، لو وولٹیج کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے، اور خراب ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی کی جائے ۔

علاوہ ازیں مظاہرین نے اس بات پر زور دیا کہ ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں شہریوں کو بجلی کی فراہمی میں مسائل نہ ہوں ۔

مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کے جائز مطالبات فوری طور پر پورے نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کو مزید شدت دینے اور دیگر سڑکوں کو بھی بند کرنے کے اقدامات کریں گے ۔

اس احتجاج نے مظفرآباد میں ٹریفک کے نظام کو مکمل طور پر متاثر کر دیا اور شہریوں کی روزمرہ زندگی پر منفی اثرات مرتب کیے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر عوام سراپااحتجاج، راولاکوٹ میں خواتین نے سڑک بلاک کردی

اہلیان گوجرہ کے احتجاج نے ایک بار پھر محکمہ برقیات کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دئیے ہیں اور کہا کہ کہ عوام کو بروقت بجلی کی فراہمی اور شفافیت کے ساتھ انتظامات فراہم کیے جائیں ۔

Scroll to Top