نیو یارک(کشمیر ڈیجیٹل ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے اپنا رول ادا کریں ۔
امریکہ ایک اہم ملک ہے اور امریکہ میں اقوام متحدہ سمیت دیگر اہم ادارے بھی ہیں لہذا امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیری، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے ہر فورم پر اقوام عالم کی توجہ مبذول کروانے کے لیے آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے عالمی ضمیر کو پورے شد و مد سے جھنجوڑا جائے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہاء کر دی ہے اور کشمیری عوام کو ایک سنگین صورتحال کا سامنا ہے لہذا عالمی برادری بالخصوص امریکہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
کشمیری عوام گزشتہ 77سال سے اپنے حق خود ارادیت کے لیے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ابھی تک مسئلہ کشمیر حل طلب ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا رول ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں چوہدری مدثر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کشمیری تارکین وطن بالخصوص امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کو بے نقاب کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے
لہذا ضرروت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے عالمی ضمیر کو پورے شد و مد سے جھنجوڑا جائے۔