چیمپئنز ٹرافی، حکومت نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بڑی چھوٹ دیدی

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ٹیکس میں چھوٹ سمیت اہم معاشی فیصلوں کی منظوری  دے دی۔ 

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

ای سی سی کے اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آمدنی پر ٹیکس کی چھوٹ کی منظوری دیدی ہے جو عالمی سطح پر کھیلوں کے ایونٹس کی میزبانی کے لئے بین الاقوامی طریقہ کار کے مطابق ہے۔

آئی سی سی اور پاکستان کے درمیان معاہدے کے تحت آئی سی سی کی آمدنی، ذیلی کمپنیوں، وابستہ اداروں پر کوئی ٹیکس یا کٹوتی کی شرط نہیں لگائی جائے گی۔

مزید بتایا گیا کہ پاکستانی شہریوں بشمول پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو ٹورنامنٹ سے آمدنی پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی :بھارت کیساتھ ٹاکرے کی تیاریاں، پاکستانی ٹیم دبئی پہنچ گئی

Scroll to Top